منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ بایلہ سے تعلق رکھنے والے ایک غریب کنبہ کو محکمہ بجلی کی جانب سے بغیر بجلی سپلائی و بغیر کنکشن کے ہزاروں روپے کا بل ارسال کر دیا گیا ہے جو کہ اب غریب کنبے کیلئے ایک بڑی مصیبت بن گیا ہے ۔ تحصیل کے بایلہ علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد لطیف نامی غریب شخص نے بتایا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے اس کو 43ہزا ر روپے کا بھاری بل تھما دیا گیا ہے ۔محمد لطیف نے بتایا کہ وہ پیشہ سے ایک مزدور ہے اور دن بھر مزدوری کر کے اپنے بال بچے کا پیٹ پالتا ہے۔مذکورہ شخص نے بتایا کہ اس نے اپنے گھر میں کبھی بھی محکمہ بجلی کا کنکشن نہیں لگوایا لیکن اس کے باوجود بھی انہیں محکمہ کی جانب سے ہزاروں روپے کا بل ارسال کر دیا گیا ہے ۔ لطیف کا کہنا تھا کہ ان کے گھر میں فوج کی جانب سے دی گئی سولر لائٹ لگی ہے جس کی روشنی سے وہ اور اس کا غریب کنبہ زندگی بسر کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پر وہ سکونت اختیار کئے ہوئے ہیں وہاں پر محکمہ بجلی کا کوئی بھی کنکشن نہیں لگایا گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی انہیں بجلی کا بل بھیجا گیا ہے۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران نے بھی معائینہ کیا اور انہوں نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے گھر میں بجلی کی سپلائی و کنکشن نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ کی جانب سے بل ارسال کر دیا گیا ہے ۔متاثرہ کنبہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ان کا بل منسوخ کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ان کو انصاف مل سکے ۔