جموں//اپنی پارٹی نے جموں میں غیر اعلانیہ طویل بجلی کٹوتی اور صاف پانی کی عدم سپلائی سے لوگوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ کویڈ19لاک ڈاؤن کی وجہ سے مالی طور متاثر چھوٹے تاجروں اور صنعتی محنت کشوں کو معاوضہ بھی دیاجائے۔ اپنی ٹریڈ یونین نے پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں30سے زائد لوگوں نے جماعت میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام کا اہتمام انیرودھ وششت نے کیاتھا۔ اس موقع پر پارٹی جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ نے کہاکہ گرمائی ایام کے دوران جموں میں 24×7گھنٹے بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہنے والے حکام پر ذمہ داری عائد کی جائے ۔نئے ساتھیوں کا جماعت میں خیر مقدم کرتے ہوئے ملہوترہ نے کہاکہ جموں کے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی سے وابستہ ساری اُمیدیں کھوچکے ہیں کیونکہ انتظامیہ اُن کے مسائل کوحل کرنے میں ناکام رہی ہے۔ جموں کے لوگوں کے لئے ترقی ایک دیرینہ خواب ہے، حکام لوگوں کی نہیں سنتے، حکومت اور عوام کے درمیان بہت زیادہ دوری ہے، یہاں تک کہ بجلی، صاف پانی اور صفائی ستھرائی جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جارہیں۔ لوگوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے اور بی جے پی خاموش تماشاء ہے۔ کویڈ صورتحال نے صحت شعبہ کی ناقص منصوبہ بندی کی پول کھول دی ہے جس کو تیسری لہر سے قبل خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ صوبائی صدر جموں اور سابقہ وزیر منجیت سنگھ نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ اُن کی شمولیت سے پارٹی کیڈر مزید مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ کویڈ19نے معمولات ِ زندگی کو بری طرح درہم برہم کر کے رکھ دیا ہے اور کاروباری ادارے بند ہونے سے تاجر طبقہ کو مالی طور بہت خسارے کا سامنا ہے۔ انہوں نے مانگ کی کہ حکومت کو شاہئے کہ دکانداروں، چھوٹے تاجروں، فاسٹ فوڈ اسٹالوں، سبزی وپھیل فروشوں، صنعتی مزدوروں اور یومیہ اُجرت ملازمین کو ریلیف پیکیج دیاجائے ۔ خواتین ونگ صوبائی صدر نمرتہ شرمانے کہاکہ 40ڈگری سیلیس سے زیادہ درجہ حرارت کے بیچ بجلی کے بغیر رہنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے مانگ کی کہ گریٹر کیلاش، سینک کالونی، چھنی ہمت اور گاندھی نگر اسمبلی حلقہ کے دیگر علاقوں میں چوبیس گھنٹے بجلی سپلائی یقینی بنائی جائے۔ اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی کے علاوہ پارٹی صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، نائب صدر یوتھ ونگ اور میڈیا کارڈی نیٹر رقیق احمد خان، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ ابہے بقایہ، ونود پنڈیتہ، اتول شرما بھی موجود تھے۔اس دوران اپنی پارٹی کا دامن تھامنے والوں میںنیرج تھاپا، ورون، گرپریت رندھاوا، روہت گندرال، وکی کمار، گاری رام، رام داس، موہن سنگھ، راما چوہدری، ابہی ٹیگور، مکیش گپتا، ویشال سنگھ اور وپن کمار کے نام قابل ِ ذکر ہیں۔