کنگن// تحصیل کنگن میں واقع حمزہ کالونی مرگنڈ کے لوگوں نے بدھ کو سرینگر لیہ شاہراہ پر بجلی محکمہ کے خلاف احتجاجی دیا۔دھرنا میں شامل لوگوں کا کہنا تھا کہ اُنہیںنہ صرف بجلی کی عدم دستیابی سے گوناگوں مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ کبھی کبھارجب بجلی آتی بھی ہے تو وولٹیج بہت کم ہوتی ہے جس سے سردی کے ان ایام میں مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر چہ انہوں نے بجلی محکمہ کو اس سلسلے یں کئی بار مطلع کیا لیکن اُن کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔احتجاجی مظاہرین کے مطابق صورتحال سے مجبور ہوکر انہیں آج احتجاجی راستہ اختیار کرنا پڑا۔اس دوران کنگن تھانہ سے وابستہ ایک ٹیم نے دھرنا میں شامل لوگوں کویقین دلایا کہ ان کے جائز مطالبہ کو محکمہ بجلی کے حکام کی نوٹس میں لایا جائے گا جس کے بعدوہ منتشرہوگئے اور شاہراہ پر دوبارہ ٹریفک بحال ہوگیا۔