بارہمولہ//شتلوہ رفع آباد کے لوگوں نے سوموار کو ڈی سی آفس بارہمولہ میں ٹرانسفارمر کا درجہ بڑھانے کو لیکر احتجاجی دھرنا دیا ۔احتجاجی مظاہرین کاکہنا تھا کہ اگر چہ بنہ پورہ شتلوہ دیہات میں ایک 63کے وی ٹرانسفارمر نصب ہے تاہم وہ نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ اُسے صارفین کو اچھی وولٹیج نہیں ملتی ہے اور بار بار جل جاتا ہے جو اس گائوں کیلئے پورا نہیں ہے اور بستی میں اکثر بجلی غائب رہتی ہے جس کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کئی مرتبہ محکمہ پی ڈی ڈی کو مطلع کیا تاہم انہوںنے اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ۔لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ گائوں میں اضا فی صلاحیت والا ٹرنسفارمر نصب کیا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔دریں اثناء شیری مین بازار بارہمولہ کا بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ چار روز سے خراب ہے جس کی وجہ سے پورا بازار گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہے جس سے تاجروں اور مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔تاجربرادری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شیری مین بازار کا بجلی ٹرنسفا رمر چار روز قبل جل گیا تھا جس کو بعد میں ورکشاپ لیا گیا تاہم ابھی تک اُسے واپس نہیں لایاگیا جس سے تاجروں کے علاوہ مقامی آبادی کو سردیوں کے ان سخت ایام میں بھی زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسفارمر کو فوری طور ٹھیک کرکے واپس نصب کیا جائے۔