بجلی ٹرانسفارمروں کی عدم موجودگی

گاندربل//ارشاد احمد//ضلع گاندربل میں دو الگ الگ مقامات پر بجلی ٹرانسفارمروں کی عدم موجودگی پر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے۔منیگام سمبل بائی پاس پر بنہ ہامہ کے مقام پر افضل کالونی گرٹہ پورہ بنہ ہامہ سے آئے ہوئے درجنوں مرد اور خواتین نے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کرتے ہوئے محکمہ بجلی کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاج میں شامل لوگوں نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ ایک ماہ قبل محلہ میں نیا ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا جو صرف ایک ماہ کے اندر ہی خراب ہوگیا جس وجہ سے وہ برقی رو سے محروم ہیں۔ اس موقع پر پولیس اور محکمہ بجلی کے اعلی حکام کی جانب سے ٹرانسفارمر جلد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد احتجاجی دھرنا ختم ہوگیا ۔ادھر پاندچھ کے مقامی لوگوں نے بھی 90 فٹ شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بیس روز سے ٹرانسفارمر کی عدم موجودگی کیخلاف احتجاج کیا۔ پولیس کی جانب سے یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔