بارہمولہ//ناروائو بارہمولہ کے زم زم پورہ زنڈفرن کے لوگو ں میں محکمہ بجلی کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے کیونکہ علاقے میں نصب بجلی ٹرانسفارمر گزشتہ تین ماہ میں پانچ مرتبہ خراب ہوگیا ۔لوگوںنے کہا کہ بارہمولہ میں پی ڈی ڈی کے عہدیداروں کے لئے خراب ہوئے بجلی ٹرانسفارمر سونے کی کان بن گئے ہیں کیونکہ وہ مبینہ طور پر جلے ہوئے ٹرانسفارمروں کی مرمت پر بڑے پیمانے پر بلیں نکال رہے ہیں۔ لوگوں نے متنبہ کیا کہ اگر مذکورہ ٹرانسفارمر کا یہی حال رہا تو لوگ محکمہ اور انتظامیہ کے خلاف سرینگر مظفر آباد شاہراہ کو بند کریں گے۔ ایک مقامی شہری اعجاز احمد نے بتایا کہ اگر چہ مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ کے افسران کو کئی دفعہ مطلع کیا تاہم یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں ملا ۔ انہوںنے کہا کہ اگر چہ ٹرانسفارمر کو حال ہی میں ورکشاپ سے مرمت کرکے واپس لایا گیا تھا لیکن ایک بار پھر جل گیا جس کے نتیجے میں صارفین بجلی سے محروم ہیں۔