رام بن// گرڈ اسٹیشن ادھم پور کو گرڈ اسٹیشن میترا رام بن سے جوڑنے والی ہائی ٹینشن 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں ہفتہ کی شام کو ایک بڑی خرابی پیدا ہونے کے بعد پورے رام بن ضلع کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے۔ بجلی کی عدم فراہمی کے باعث سخت موسم میں پورا ضلع تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے پی ڈی سی ایل) کے انجینئروں نے بتایا کہ برف سے ڈھکے کدھ اور نتھہ ٹاپ پہاڑوں سے گزرنے والی 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں ہفتہ کی شام کچھ تکنیکی خرابی پیدا ہوگئی جس کی وجہ سے ضلع رام بن کو بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت اسلام نے بھی ٹویٹ کیا کہ ادھم پور بٹوت اور بٹوت رام بن بجلی کی لائنیں خراب ہو گئی ہیں جس سے رام بن ضلع میں تقریباً تمام گھریلو ٹرانسفارمروں کی سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔