؎مینڈھر//قصبہ مینڈھر میں اس وقت دو نوجوان زخمی ہوگئے جب محلہ جابہ میں وہ اپنے مکان کی چھت پر کھیل رہے تھے اور بجلی کی ترسیلی لائن سے ٹکراگئے ۔ تفصیلات کے مطابق مینڈھر قصبہ کے محلہ قاسم نگر(جابہ) سے تعلق رکھنے والے چچا اور بھتیجا اس وقت شدید زخمی ہوگئے جب وہ مکان کی چھت پر کھیل رہے تھے کہ چھت سے گزرہی بجلی ترسیلی لائن کے ساتھ ٹکرا گئے۔ زخمیوں کی خبر پھیلتے ہی محلہ کے لوگ موقعہ پر جمع ہوگئے اور افرادخانہ کے ہمراہ فوری طور زخمی نوجوانوں کو افراد خانہ نے سب ضلع ہسپتال مینڈھر منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹروں نے بنیادی علاج و معالجہ کرنے کے بعد دونوں زخمی نوجوانوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا۔ زخمی نوجوانوں کی شنا خت محمد شکیل اور محمد عمر کے طور پر ہوئی ہے۔ بلاک میڈیکل آفیسر مینڈھر ڈاکٹر پرویز احمد خان کاکہنا تھا کہ ایک نوجوان کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دوسرا خطرے سے باہر ہے لیکن ہم نے دونوں کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا ہے ۔محلہ کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے اعلی آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محلہ میںکئی مکانوں کے چھتوں سے تاریں گزر رہی ہیں اور محکمہ ٹس سے مس نہیں ہورہا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ کسی بھی وقت مزید کوئی بڑا حادثہ ہوسکتاہے جسکی ذمہ داری محکمہ کے آفیسران پر عائد ہوگی۔ اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔