پونچھ// نیشنل پینتھرس پارٹی کے ضلع صدر اشفاق رانا کی قیادت میں پارٹی کارکنان کی جانب سے پونچھ کے صدر مقام پرپانی اور بجلی کے بحران کے خلاف پیر کو زبردست احتجاج کیا گیا۔اس احتجاج کے دوران مظاہرین نے جم کر انتظامیہ مخالف نعرے لگاتے ہوئے محکمہ بجلی اور محکمہ صحت عامہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ا حتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے ضلع صدر اشفاق رانا نے کہا کہ ضلع پونچھ کے شہری پانی اور بجلی جیسی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ پونچھ کا پورا نظام برباد ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر یہی حالت رہی تو وہ محکمہ بجلی اور محکمہ صحت عامہ کے خلاف احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ کی جانب سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اعلان کے باوجود ضلع پونچھ میں کئی کئی گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شدیدسردی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پانی کی فراہمی میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیوں ضلع میں کئی کئی کلومیٹر دور واقع آبی ذخائر سے پمپمنگ کے ذریعے پانی فراہم کیا جاتا ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پانی اور بجلی کے موٹے موٹے بل جمع کر رہے ہیں لیکن نہ انھیں معقول بجلی فراہم ہو رہی ہے اور نہ پانی۔انہوں نے لیفٹنٹ گونر سے مداخلت کی اپیل کی۔
بجلی اور پانی کی عدم فراہمی پر پونچھ میں پینتھرس پارٹی کا احتجاج
