پونچھ//بجرنگ دل اور وشو ہندو پریشد پونچھ نے شوپیان ہلاکتوں پر فوج کے خلاف درج ایف آئی آر کو خارج کرنے کی مانگ کے ساتھ حکومت کے خلاف مظاہرہ کیا ۔اس دوران ریاستی سرکاری کے خلاف اپنے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے مظاہرین نے جموں و کشمیر سرکار مردہ باد کے نعرے لگا ئے اور فوج کے حق میں نعرے بازی کی گئی ۔احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرتے ہوئے بجرنگ دل کے ضلع صدر نیشو گپتا نے کہا کہ اس کی مجسٹریل انکوائری کرانا ٹھیک ہے لیکن ایف آئی آر درج کرنا تکنیکی و قانونی طور غلط ہے۔انہوں نے کہاکہ پہلے غیر جانبدارانہ انکوائری کرائی جائے اوراس میں اگر کوئی قصور وار پایاجاتاہے تو اس پر ایف آئی آر درج کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ فوج پردرج کی گئی ایف آئی آر واپس لی جائے اور فوج پر سنگین نوعیت کے الزامات لگانا عوام کسی بھی طور برداشت نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہا کہ وہ ہلاکتوں کے حق میں نہیں ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سرحد پر جوبھی ہلاکتیں ہوئی ہیں ان پر بھی بات کی جائے۔ مظاہرین نے ریاستی حکومت کا پتلا جلا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔