محمد تسکین
بانہال // ضلع رام بن کے بانہال قصبہ میں 16آئی آر بٹالین کی جانب سے نشہ مُکت ابھیان(منشیات سے پاک معاشرہ مہم) کے تحت ایک شاندار ریلی کا انعقاد کیا گیا۔مرکزی تقریب ہیلی پیڈ گراؤنڈ گنڈ بانہال میں منعقد ہوئی جس میں سکولی بچوں، مقامی لوگوں اور بٹالین کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز ڈی وائی ایس پی کرپال سنگھ کے خطاب سے ہوا، جنہوں نے منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے نوجوانوں کو اس لعنت سے بچانے کے لئے اجتماعی ذمہ داری کو اجاگر کیا۔تقریب میں سکولی بچوں کی بھرپور شرکت نے پروگرام کو مزید جوش و خروش بخشا اور انہوں نے منشیات سے پاک زندگی کا پیغام عام کیا۔ تقریب کے اختتام پر ایس ایس پی/کمانڈنٹ سکھدیو راج نے شرکاء سے حلف لیا، جس میں معاشرے سے منشیات کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔تقریب کے بعد ایک بڑی ریلی بانہال بازار سے نکالی گئی جو چریل بانہال پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے دوران شرکاء نے “منشیات کو نہ کہیں” کے نعرے بلند کیے اور آگاہی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ آخر میں شرکاء میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی گئی۔