بانہال // سب ضلع ہسپتال بانہال کے علاوہ دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی اور کمی کے خلاف نیشنل کانفرنس کی طرف سے بانہال میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت نیشنل کانفرنس ضلع صدر سجاد شاہین کر رہے تھے۔ پارٹی ورکروں پر مشتمل یہ احتجاجی ریلی قصبہ سے ہوتے ہوئے سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچی جہاں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کمی اور غیر حاضری کے خلاف زور دار احتجاج کیا گیا۔ ہسپتال کے احاطے میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ ضلع رام بن میں قائم ضلعی اور سب ضلعی ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ کھڑی ، رامسو اکڑال ،نیل ، پوگل پرستان اور مہو منگت کے درجنوں طبی مراکزعوام کے کسی کام آنے کے بجائے بیکار پڑے ہوئے ہیں اور محکمہ صحت عوام کو طبی سہولیات میسر رکھنے میں ناکام ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری طبی مراکز پر ضلع اور سب ضلعی درجوں کے بڑے بڑے بورڈ نصب کئے گئے ہیں لیکن یہ ہسپتال بیماروں اور سڑک حادثات کے زخمیوں کیلئے محض ریفر سینٹر بن گئے ہیں اور پچھلے لمبے عرصے سے نہ مقامی سیاسی نمائندہ نے اور نہ ہی حکمرانوں اور محکمہ صحت کے حکام نے اس طرف کوئی توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ پر واقع ایمرجنسی ہسپتال ایک ریفرل سینٹر بن گیا ہے اور یہاں دور دراز کے علاقوں سے پہنچنے والے مریضوں کو بانہال میں ڈاکٹروں کی کمی کی وجہ سے کشمیر کے ہسپتالوں کی راہ دکھائی جاتی ہے جو غریب لوگوں کیلئے دشوار ہو جاتا ہے اور انسانی جانیں خطرے میں پڑ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بانہال حلقہ انتخاب کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کی کمی اور غیر حاضری معمول بن گیا ہے اور معمولی قسم کے مریضوں کو بھی وادی کشمیر کے ہسپتالوں میں ریفر کرنا عام بات بن گیا ہے اور اس میں سدھار لانے میں ناکامی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ سب ضلع ہسپتال بانہال اور اس کے مضافاتی علاقہ جات میں قائم طبی مرکزوں میں ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ کی کمی پر قابو پانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے حادثات کیلئے مشہور سڑک پر واقع بانہال ہسپتال میں بلڈ بنک کے قیام اور ڈاکٹروں کی خالی پڑی اسامیوں کو پْر کرنے اور طبی عملے کو اپنے فرض کا پابند بنانے پر زور دیا ہے۔ اس موقعہ پر تحصیلدار بانہال شیخ جاوید احمد ، بلاک میڈیکل افسربانہال ڈاکٹر تنویر وہاں موجود تھے اور انہوں نے نیشنل کانفرنس کی طرف سے عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس کے بعد یہ پر امن احتجاج اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پردیگر لیڈروں کے علاوہ صوبائی صدر یوتھ نیشنل کانفرنس طارق احمد ڈار، بلاک صدر عبدالاحد شان ، سینئر لیڈر محمد افضل وانی قابل ذکر تھے۔