ٹھیکیدار کی رقوم واگزار کرنے اور بیروزگار نوجوانوں کو دکانیں الاٹ کرنے کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال // بھارتیہ جنتا پارٹی کے ضلع جنرل سیکریٹری محمد سلیم بٹ کی قیادت میں جمعہ کے روز بانہال قصبہ میں بی جے پی کارکنوں نے حکومت، محکمہ تعمیرات عامہ اور میونسپل کمیٹی بانہال کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ قصبہ میں کروڑوں روپئے کی لاگت سے تعمیر شدہ کثیر منزلہ شاپنگ کمپلیکس کو کئی برس گزر جانے کے باوجود عوام کے لیے نہیں کھولاگیا۔احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ شاپنگ کمپلیکس کی تعمیر کافی عرصہ پہلے مکمل ہو چکی ہے، تاہم متعلقہ ٹھیکیدار کو ابھی تک ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کمپلیکس کو فعال نہیں بنایا جا سکا ہے اور قصبہ کے وسط میں واقع یہ کمپلیکس مسلسل مقفل ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد سلیم بٹ نے کہا کہ کمپلیکس کو بروقت شروع نہ کرنے کی وجہ سے حکومت کو کرایہ اور تجارتی سرگرمیوں کی مد میں لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شاپنگ کمپلیکس کو فوری طور پر عوام کے لیے کھولا جائے اور وہاں موجود دکانیں بے روزگار نوجوانوں کو کرایہ کی بنیاد پر فراہم کی جائیں تاکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔بی جے پی رہنماؤں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ٹھیکیدار کی ادائیگی کا مسئلہ جلد حل کیا جائے اور شاپنگ کمپلیکس کو عوامی مفاد کے لیے فوری طور پر فعال بنایا جائے۔