بانہال میں آگ کی واردات

بانہال//جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال کے شفا پانی علاقے میں اتوار کی رات رونما ہوئی آگ کی ایک واردات میں پانچ دکانوں پر مشتمل ہارڈویئر اور پلائی ووڈ کی دکانیں جل کر راکھ ہوگئیںاور ان میں پڑا لاکھوں روپئے کا سامان آگ کی واردات میں تباہ ہوا ۔ اتوار اور پیر کی درمیانی رات رونما ہوئی آگ کی اس واردات میں دو دکانیں مال و اسباب سمیت مکمل طور سے تباہ ہوئیں جبکہ کئی دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ پولیس اور فائر سروسز کی بروقت کاروائی سے آگ کو مزید دکانوں کی طرف پھیلنے سے روکا گیا ۔ اس شاپنگ کمپلیکس میں بھاری نقصان سے دو چار ہوئی دکانیں شاہ ہارڈویئر کے نام سے منسوب تھیں اور ان دکانوں کا رسم افتتاح چند ہفتے قبل ہی کیا گیا تھا۔ ایس ایچ او بانہال نعیم الحق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جائے وقوعہ سے کسی شخص نے پولیس کو آگ کی اطلاع فراہم کی اور ان کی قیادت میں پولیس ، فائر سروسز ،فوج اور بانہال والنٹیرز اور ریڈ کراس کے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور بچا کاروائیوں کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آگ دکان کے اندر لگی ہوئی تھی اور مالک دکان وہاں موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سروسز نے شٹر کاٹ کر اندر بھڑک رہی آگ کو قابو کیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ انہوں نے کہا دو دوکانیں جل کر خاکستر ہوئی ہیں جبکہ بقیہ دکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک آگ کی وجوہات کا پختہ پتہ نہیں لگایا جا سکا ہے تاہم ابتدائی تحقیقات سے لگ رہا ہے کہ آگ بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے آتشزدگی کی ایک رپورٹ درج کی ہے۔ ریلوے سٹیشن مارکیٹ کے صدر فیاض احمد ریشی نے آگ کی اس واردات پر میں ہوئے لاکھوں روپئے کے بھاری نقصان پر اپنے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا بچا کاروائیوں میں حصہ لینے والی پولیس، فائر سروسز اور رضاکاروں کی انتھک محنت کی وجہ سے آگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا تاہم اس سے پہلے دکانوں کو پہنچے بھاری نقصان کو نہیں بچایا جا سکا۔