بانہال//جمعہ کی شب بانہال قصبہ کے نزدیک فورلین شاہراہ تعمیراتی کمپنی کے ورکرس کیمپ میں ایک پراسرار دھماکہ ہوا جس میں کمپنی کا ایک ورکر اور نزدیک ہی قائم مدرسہ دارلعلوم نعمانیہ کا ایک طالب علم زخمی ہوئے ۔ یہ دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس کی آواز نہ صرف دور دور تک سنائی دی گئی بلکہ درالعلوم نعمانیہ اور اس کی جامع مسجد اور کئی نزدیکی رہائشی مکانوں میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں بھی پڑ گئیں ہیں اور مکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں ۔ ایم جی کمپنی فورلین شاہراہ کی تعمیر کے سلسلے میں حال ہی میں کام کرنے کیلئے بانہال آئی ہے اور اس کمپنی کے ذمہ بانہال قصبے کے عقب سے فورلین شاہراہ کے بانہال بائی پاس کو تعمیر کرنے کا کام سونپا گیا ہے ۔ جمعہ کی رات گیارہ بجے کے قریب پیش آئے اس واقع کے فوراً بعد پولیس فوج اور انتظامیہ کے افسران جائے واقع پر پہنچ گئے اور دھماکے کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کیا ہے۔