محمد تسکین
بانہال // خراب موسمی حالات اور جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ کی معطلی کے پیش نظر، جموں ریلوے ڈویژن نے پھنسے ہوئے مسافروں کی سہولت کے لیے آج جمعرات سے بانہال اور کٹرا کے درمیان خصوصی ٹرین سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔شمالی ریلوے حکام نے بدھ کی شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک خصوصی ٹرین 9 اور 10 اپریل کو دوپہر 2:00 بجے بانہال سے روانہ ہوگی، جبکہ ایک اور ٹرین صبح 10:10 بجے کٹرا سے بانہال کے لیے چلے گی تاکہ جموں سرینگر قومی شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بڑھتے ہوئے مسافروں کے رش کو کم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ ٹرینیں صرف ریاسی اور سنگلدان سٹیشنوں پر محدود وقت کیلئے رکا کرینگی۔مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی آن لائن ٹکٹ بک کریں اور اس کیلئے ٹرین نمبرز 04689 (کٹرا سے بانہال) اور 04690 (بانہال سے کٹرا) مقرر کیے گئے ہیں۔حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ممکنہ حد تک ریل خدمات کو ترجیح دیں۔