محمد تسکین
بانہال // سب ڈویژن بانہال اور رامسو کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور برفباری کی وجہ سے زمین کے کھسکنے ، پسیوں کے گرنے اور تیز ہواووں کے چلنے سے کئی رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ ڈی ڈی سی کونسلر کھڑی فیاض احمد نائیک نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ حلقہ انتخاب بانہال گول کے کئی پہاڑی علاقے بْدھ کی صبح تک جاری رہنے والی برفباری اور پسیوں کے گرنے سے تیسرے روز بھی سڑک رابطوں اور بجلی سپلائی سے محروم ہیں اور عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑی ، چکہ سربگھنی ، سمبڑ اور ورنال کے کئی علاقوں میں زمین کھسکنے ، پسیوں کے گرنے اور تیز ہواووں سے کم از کم دس رہائشی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے سٹیشن کھڑی سے سراچی کیلئے جارہی سڑک کی تعمیر کے کٹاو سے چار رہائشی مکان تباہ ہوئے ہیں۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن سے ان علاقوں میں معمولات کی زندگی کو بحال کرنے سڑکوں سے برف صاف کرنے اور بجلی پانی بحال کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے نقصانات کا جائز لینے کیلئے ٹیمیں روانہ کرنے پر زور دیا ہے۔