بانہال+ترال // وادی چناب کی سڑکوں پر خونین رقص جاری ہے اور تازہ واقعہ میںبانہال کے آلنباس علاقے میں 3 خواتین اور ٹاٹا سومو ڈرائیور سمیت6 افراد لقمہ اجل جبکہ حادثے میں3 افراد زخمی ہوئے۔اس دوران ٹول پلازہ اونتی پورہ کے نزدیک موٹر سائیکل اور تویرا گاڑی آپس میں ٹکرائے جس کے دوران ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2شدید طور پر زخمی ہوئے۔ایس ایچ او رام سو جاوید اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹر اکڑال سے آلنباس جانے والی ایک ٹاٹا سومو اپنی منزل پر پہنچنے سے پہلے محض ڈیڑھ کلومیٹر پہلے موتلہال ، جج موڑ کے نزدیک پہنچ گئی جس کے دوران وہ لڑھک کرگہری کھائی میں گر گئی اور 4 افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بنے جبکہ چار زخمیوں کورام بن ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں اور پولیس نے بچاو کارروائیوں کا اغاز کیا اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران ڈرائیور نے بھی دم توڑدیا اور بعد میں سندیپ سنگھ نامی ایک اور شخص بھی دم توڑ بیٹھے۔۔اس طرح حادثے میں 6 افراد لقمہ اجل بنے ۔مہلوکین کی شناخت 80 سالہ محمد اقبال جرال ، 16سالہ نیلوفر دختر محمد اشرف جرال ، 45 سالہ ڈرائیور جاوید احمد جرال ولد عطا اللہ جرال ساکنان النباس اکڑال ،10 سالہ سنوی دیوی دختر سبھاش سنگھ ساکن کونچی اکڑال اور 54سالہ تاردا دیوی زوجہ دھیان چند ساکن بٹوٹ حال جموں کے طور کی گئی ہے جبکہ راحت احمد اور دو نامعلوم زخمی زیر علاج ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے میں ٹاٹا سومو مکمل طور پر تباہ ہوئی ۔اس دوران سنیچر کی شام دیر گئے ٹول پلازہ اونتی پورہ کے نزدیک ایک رائل این فلیڈ موٹر سائیکل مخالف سمت سے آرہی تویرا گاڑی سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 3نوجوان شدید زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں اسپتال لیجاتے ہوئے عاقف احمد ریشی ساکن نٹی پورہ رام باغ لقمہ اجل بن گیا جبکہ 2دیگر شدید زخمی ہوئے جنہیں نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔