بانہال//بائیس کلومیٹر لمبی بانہال۔منگت رابطہ سڑک بھاری برفباری کی وجہ سے پچھلے چالیس روز سے بند ہے اور جمعہ کے روز منگت کے لوگوں نے سڑک کے کھولنے میں کی جارہی تاخیر کے خلاف منگت میں احتجاجی مظاہرے کئے۔ احتجاجی مظاہرین سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے علاقے میں بنیادی سہولیات کی جلد از جلد بحالی کا مطالبہ کر رہے تھے ۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت گل محمد جان سابق سرپنچ منگت اور سماجی کارکن ریاض گل کر رہے تھے ۔ احتجاجی مظاہروں پر آمادہ منگت ، کڈجی ،آرم ڈھکہ ، ٹینکہ ، سراچی ، ہرگام اور ناگن ڈار کے لوگوں کا کہنا ہے کہ رسل و رسائل کے راستے بند ہونے کی وجہ سے منگت کے قریب ایک درجن دیہات میں لوگوں کو کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی قیمت کا سامنا ہے اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی طرف سے سڑک سے برف صاف کرنے کا کام سست رفتاری ک شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3جنوری2022 کو بانہال ۔ منگت رابطہ سڑک بھاری برفباری کی وجہ سے بند ہوگئی ہے اور سڑک کے بند ہونے کی وجہ سے درجنوں بیماروں کو بانہال اور کھڑی کے ہسپتال پہنچانا ناممکن بنا ہوا ہے اور اب تک کئی بیماروں کو چارپائی اور کندھوں پر اٹھا کر ہسپتال پہنچایا گیا یے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی سے ہزاروں لوگ مشکلات سے دوچار ہیں ۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ رام بن اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ تعمیرات عامہ اور پی ایم جی ایس وائی کو ہدایت دیں کہ وہ بانہال۔سراچی۔منگت رابطہ سڑک سے فوری طور پر برف صاف کرکے عوام کو راحت پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ مہو۔منگت کو مسلسل نظر انداز کرنے کی صورت میں لوگ بانہال میں شاہراہ پر دھرنا دیگر اپنی مشکلات کو اجاگر کرنے پر مجبور ہوں گے۔
بانہال۔منگت رابطہ سڑک40 روز سے بند | منگت میں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے
