پونچھ//بانڈی چچیاں تا اسلام آباد سائیں بابا سڑک کی توسیع اور مرمت کا کام عرصہ دراز سے جاری ہے جو کہ نہایت سست روری کا شکار ہے ۔تعمیر اتی کاموں کی وجہ سے سڑک کی خستہ حالی کے باعث مقامی آبادی کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ محکمہ آر اینڈ بی کام میں سرعت کیلئے کوئی بھی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھا رہا ہے۔ مقامی سماجی کارکن فیض اکبر راٹھورنے بتایاکہ سڑک کی مرمت کے دوران سڑک پر مٹی بچھائی گئی ہے جو بارشوں کی وجہ سے گارے کی شکل اختیار کر چکی ہے اور رابطہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں کا سڑک سے پید ل چلنا محال ہے گاڑیوں کو چلنا دور کی بات ہے۔ انہوں نے کہا 15کلو میٹر سڑک پر بڑے بڑے گڑھے ہو گئے ہیں اور معمولی بارشیں ہونے کے ساتھ ہی سڑک کے گڑھوں میںپانی جمع ہو جاتا ہے اور سڑک جھیل جیسا رخ پیش کرتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی خستہ حالی کے باعث لوگوں کو شدید ترین مشکلات کا سامنا ہے اور اس سڑک کی مرمت جلد از جلد پائے تکمیل پہنچانے کیلئے محکمہ آر اینڈ بی کوئی سنجیدگی کا مظاہر نہیں کر رہا۔ اس ضمن میں متعلقہ محکمہ کے افسر نے بتایا کہ سڑک کی مرمت معیاری طریقہ سے کی جا رہی ہے جس میں تھوڑا وقت لگ رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سڑک کی مرمت کیلئے مقامی لوگوں کا تعاون لازمی ہے اور جلد ہی مرمت کا کام پائے تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔