بانڈی پورہ//ضلع بانڈی پورہ کے دور دراز پہاڑی علاقے بجلی اورپانی جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیںاورلوگوں کوچلہ کلان کی سردیوں میں گوناگوں مشکلات درپیش ہیں۔ویون ،آٹھوتو، ٹنگاٹ، سملر، سریندر ،کوٹا ستھری ،بینلی پورہ، ملنگام اور آلوسہ کے لوگوںنے بتایا کہ چلہ کلان کی ان سردترین راتوں میںوہ پینے کے پانی سے محروم ہیں جبکہ بجلی کی سپلائی میں بار بار خلل سے شام ہوتے ہی ان علاقوں میںگھپ اندھیرا چھاجاتا ہے ۔ویون کے باشندوں نے بتایا کہ چار سال قبل محکمہ جل شکتی نے پانی کی سپلائی لائن ادھوری بچھا دی جس کی وجہ سے پہاڑی علاقہ پینے کے پانی سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ اور جل شکتی کے اعلیٰ افسران کے دروازوں پر دستک دینے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر ،صوبائی کمشنر اور ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ سے اپیل کی کہ ان پسماندہ علاقوں کے بنیادی مسائل کی طرف توجہ دی جائے ۔