بانڈی پورہ کے جنگلات میں تصادم آرائی ، 2جنگجو جاں بحق ،آپریشن جاری

 بانڈی پورہ +شاہد ٹاک// شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ علاقے میں فوج اورجنگجوئوں کے درمیان تصادم آرائی میں 2عدم شناخت جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ فوج نے جھڑپ کے بعد وسیع علاقے کو سخت محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کر جنگلاتی علاقے کو کھنگالنا شروع کردیا ہے۔ادھر راجپورہ پلوامہ پولیس سٹیشن پر جنگجوئوں نے گرینیڈ داغا اور فائرنگ کی۔بانڈی پورہ س ضلع ہیڈکوارٹرسے8 کلو میٹر دور ہرمکھ پہاڑ کی گود میں شوخ بابا صاحب سملر جنگلاتی علاقے کا14آر آر، سی آر پی ایف اور ایس او جی  نے جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی گیارہ بجے کے قریب محاصرہ کر لیا اور تلاشی کارروائی شروع کردی ۔ قریب ایک بجے طرفین کا آمنا سامنا ہوا اور گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا جوا ڑھائی بجے تک جاری رہا ۔ بتایا جاتا ہے کہ فوج کی فائرنگ سے 2جنگجو جاں بحق ہوئے جنکی شناخت نہیں ہوسکی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں علاقے میں5جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔جھڑپ کے بعد ایک وسیع علاقے تک محاصرہ بڑھایا گیا اور اس پورے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی۔ضلع انتظامیہ نے جھڑپ شروع ہونے کیساتھ ہی انٹر نیٹ سروس معطل کر دی ۔ادھر راجپورہ پلوامہ پولیس سٹیشن پر جنگجوئوں نے گرینیڈ سے حملہ کیا۔ گرینیڈ تھانے کے قریب زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد ڈیوٹی پر مامور پولیس عملے نے ہوائی فائرنگ کی۔اس واقعہ میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔