سرینگر// بانڈی پورہ ضلع کی تین خواتین نے جمعرات کو پولیس سے اپنے قید شوہروں کو رہا کرنے کی اپیل کی۔جمعرات کو پریس کالونی میں اپنی روداد بیان کرتے وئے انہوں نے کہا ’’ہمارے شوہروں کو تقریباً ڈھائی ماہ قبل سملر میں پولیس چوکی بلایا گیا تھا اور آج تک ہم ان کے بارے میں نہیں جانتے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ کچھ پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں کوٹ بلوال جیل جموں میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انکے لئے سرینگر میں احتجاج کرنا مشکل تھا وہ کس طرح جموںجائیں گی اور انھیں تلاش کریں،‘‘۔انہوں نے کہا کہ محمد امین گوجر، محمد سلیمان گوجر اور عبدالباری کو پہلے چوکی بلایا گیا، پھر بانڈی پورہ منتقل کیا گیا اور بانڈی پورہ سے ہمیں نہیں معلوم کہ انہیں کہاں رکھا گیا ہے۔ خواتین نے جذباتی انداز میں کہا کہ ان کے گھروں میں چھوٹے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں ،وہ مکمل طور پر اپنے شوہروں پر منحصر ہیں کیونکہ روزی روٹی کمانے والا کوئی نہیں ہے۔احتجاج کرنے والی خواتین میں سے ایک سکینہ نے کہا’’پولیس نے پہلے ہمیں بتایا کہ ہمارے شوہروں کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا جائے گا لیکن آج تک ہم نہیں جانتی کہ وہ کہاں ہیں‘‘۔