بانڈی پورہ//بانڈی پورہ پولیس نے پندرہ لاکھ روپے مالیت کی نشیلی ادویات کو برآمد کیا ہے ۔ لاوے پورہ بانڈی پورہ میں مصدقہ اطلاع ملنے پر ایس ایس پی بانڈی پورہ کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہڈکواٹر ڈاکٹر محمد ادریس کی نگرانی میں ایس ایچ اوبانڈی پورہ شوکت احمد میر کی قیادت میں پولیس نے گھنی جھاڑیوں میں نشیلی ادویات سے بھرا ایک تھیلا برآمد کیا ۔پولیس کے مطابق تھیلے میں پندرہ لاکھ روپے مالیت کی نشیلی ادویات پائی گئیں۔ پولیس نے بتایا کہ 12000ہزار’سپاسموپرکسوان‘ کیپسول برآمد ہوئے ۔پولیس نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 172/2021کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی اورمزید تحقیقات جاری ہے۔ادھر اونتی پورہ پولیس نے 2افرادکو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے خشخاش برآمد کرلیا ۔سرینگر جموں شاہراہ پر گالندر کے مقام پرپولیس نے گاڑیوں کی تلاشی کے دوران دوافرادکو گرفتارکیا جن کی شناخت جان محمد وانی اور ہلال احمد گنائی ساکنان لولی پورہ نہامہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں افراد ایک آلٹو کار میں سوار تھے ۔ ان کے قبضے سے گیارہ کلو گرام خشخاش پوست برآمد ہوا۔پولیس نے دونوں ملزموں کو گرفتارکرلیا اور گاڑی ضبط کی ۔پانپور پولیس نے اس سلسلے میں کیس زیر ایف آئی آرنمبر131/21 درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔