بانڈی پورہ //بانڈی پورہ میں عمارتی لکڑی کی عدم دستیابی سے لوگوں کو تعمیراتی کام مکمل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ جب سے سٹیٹ فاریسٹ کارپوریشن کے اختیار میں عمارتی لکڑی کی تقسیم کا اختیار دیا گیا ، تب سے لوگوں کو عمارتی لکڑی نہیں مل رہی ہے بلکہ منظور نظر افراد کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ سمبل ،حاجن ،نائندکھے ،صدر کوٹ بالا ،اجس ،کلوسہ ،وٹہ پورہ ،آلوسہ اشٹٹنگو ،کہنو سہ بانڈی پورہ میں لوگ عمارتی لکڑی کے لئے پریشان ہیں اور ایس ایف سی تقسیم کاری کیلئے کہیں دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ لوگوں نے کہا کہ بانڈی پورہ کے لوگوں کو گاندربل جانا پڑرہا ہے اور وہاں دفتری طوالت کی بھینٹ چڑھ کر آخر کار خالی ہاتھ لوٹنا پڑ رہا ہے ۔اگرچہ بانڈی پورہ میں علامت کے لئے دفتر رکھا گیاہے لیکن لوگوں کو کوئی راحت نہیں مل رہی ہے ۔ لوگوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ عمارتی لکڑی کو فوری طور پر دستیاب کیاجائے اور تقسیم کاری میں ہورہی بے ضابطگیوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔