ممبئی// آسٹریلوی بیٹسمین اسٹیون استمھ اور ڈیوڈ وارنر کے سر پر تاحیات پابندی کی تلوار لٹکنے لگی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے پہلے ہی بال ٹیمپرنگ کے اعتراف پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو اگلے ٹیسٹ سے معطل کیا جاچکا ہے تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے کوڈ آف کنڈیکٹ کے تحت اسمتھ اور ان کے نائب ڈیوڈ وارنر دونوں پر تاحیات پابندی بھی عائد ہوسکتی ہے۔اب تک سامنے آنے والی معلومات کے مطابق ہفتے کے روز لنچ بریک میں ہی بال ٹیمپرنگ کا فیصلہ ہوا تھا، اگرچہ اسمتھ کا کہنا ہے کہ اس میں پوری لیڈر شپ شامل تھی تاہم اب یہ کہا جارہا ہے کہ اس میٹنگ میں صرف چند سینئر کھلاڑی موجود تھے جبکہ اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو گیند کی ساخت خراب کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے نہ صرف اس سارے واقعے پر عوام سے معافی مانگی جاچکی ہے بلکہ حکومتی حکم پر اسمتھ اور وارنر کو عارضی طور پر قیادت سے فارغ بھی کردیا گیا ہے تاہم حتمی فیصلہ تحقیقات کے بعد کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے بورڈ کے انٹیگریٹی یونٹ کے سربراہ ایان رائے اور ٹیم پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ پر مشتمل دو رکنی کمیٹی کیپ ٹاو¿ن پہنچ گئی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا پر اسمتھ اور وارنر کو کپتانی سے فارغ کرنے کیلیے آسٹریلین اسپورٹس کمیشن کا بہت زیادہ دباو¿ ہے جبکہ وزیراعظم میلکم ٹرنبل اس حوالے سے خود بورڈ کے چیئرمین ڈیوڈ پویر سے بات بھی کرچکے ہیں۔عوام میں بھی اس حوالے سے شدید غم وغصہ پایا جارہا ہے اور مختلف حلقوں سے ملک کا نام بدنام کرنے پر اسمتھ اور وارنر سمیت تمام ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ زور پکڑرہا ہے۔ادھر صورتحال کو دیکھتے ہوئے آئی پی ایل ٹیم راجستھان رائلز نے اسٹیون اسمتھ کو اپنی ٹیم کی قیادت سے ہٹا دیا ہے، آئندہ ماہ شیڈول آئی پی ایل میں اب اس ٹیم کی کپتانی اجنکیا راہنے کریں گے تاہم فرنچائز کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اسمتھ بطور پلیئر ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے پابندی عائد ہونے یا پھر بی سی سی آئی کے منع کرنے کی ہی صورت میں اسمتھ ایونٹ نہیں کھیل پائیں گے