جموں//وزیر صحت وطبی تعلیم بالی بھگت نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کادورہ کرکے گذشتہ روز سرحدپارکی گولہ باری سے زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی۔اس دوران وزیر موصوف نے جے ایم سی کے ایمرجنسی ، ڈیزاسٹر ، آرتھوپیڈک ، سرجری ودیگریونٹوں میں گولہ باری سے شدیدزخمی افراد کے تیمارداروں سے علاج ومعالجہ سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اس موقعہ پروزیرصحت بالی بھگت نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کوہرممکن طبی سہولیات مفت مہیاکرانے کی ہدایت دی۔ زخمیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے انہیں ہرممکن امدادکی یقین دہانی کرائی۔ قابل ذکرہے کہ گذشتہ روزسرحدی گولہ باری میں 8 افرادہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے تھے جن میں سے 15زخمیوں کومیڈیکل کالج جموں میں لایاگیاتھا ۔ اس دوران بتایاگیاکہ سی ایم اودفترجموں میڈیکل کالج میں کنٹرول روم قائم کیاگیا جہاں سے کٹھوعہ تاپونچھ اضلاع کے سرحدی علاقہ جات کے فائرنگ متاثرہ عوام فوری طبی سہولیات کے لئے رجوع کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع وسب ضلع ہسپتالوں اورپبلک ہیلتھ سنٹروں میں بہترطبی سہولیات کے انتظامات کئے گئے ہیں۔قبل ازیں وزیرصحت بالی بھگت نے جموں میڈیکل کالج انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ منعقد کرکے ہسپتال کے کام کاج کاجائزہ لیا۔ اس دوران میٹنگ میں پرنسپل جے ایم سی جموں ڈاکٹرزاہدگیلنی، میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر رمیش گپتا، ڈپٹی میڈیکل سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر دویندر سنگھ ودیگرسینئر ڈاکٹر موجودتھے۔