بالاکوٹ آج بھی نظرانداز

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی سرحدی تحصیل بالاکوٹ بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ بالاکوٹ کو گورنر انتظامیہ نے بھی بالکل نظرانداز کردیاہے اور اس علاقے کو تمام تر بنیادی سہولیات سے محروم رکھاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ علاقہ میںبجلی ،پانی اور سڑکوں حالت نہایت ہی خستہ ہے کیونکہ بجلی وقت پر نہیں آتی اور نہ ہی کٹوتی کا کوئی شیڈیول ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین غریب لوگوں سے بھی ہر مہینے بجلی کا کرایہ وصول کرتے ہیں لیکن یہ نہیں سوچتے کہ کیا لوگوں کو بجلی بھی وقت پر ملتی ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوبیس گھنٹوں میں چھ یا سات گھنٹے بڑی مشکل سے بجلی سپلائی کی جاتی ہے ۔ان کاکہناہے کہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی پر بھی برا اثر پڑتا ہے لہٰذا بجلی کے شیڈیول کو درست کیا جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ پانی کی سپلائی کا بھی برا حال ہے اور متعلقہ محکمہ کے ملازمین زمینی سطح پر کام نہیں کرتے جس کی وجہ سے سپلائی لائنیں ناکارہ بنتی جارہی ہیںاور لوگوں کو کئی کلو میٹر دور سے جا کر پانی لانا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے ملازمین لا پرواہی سے کام کر رہے ہیں۔ان کامزید کہناتھاکہ علاقہ میں سڑکوں کی حالت بھی نہایت خستہ ہے اور گورنر انتظامیہ سرحدی تحصیلوں میں بسنے والے لوگوں کیلئے سنجیدہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ سرحدی پٹی پر بسنے والے لوگ پہلے سے ہی ہندوپاک کشیدگی کی وجہ سے ستائے ہوئے ہیں اور اس پر ستم یہ ہے کہ انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں ۔انہوں نے کہاکہ گورنرانتظامیہ ایک ٹیم علاقے میںر وانہ کرکے یہاں کی صورتحال کا جائزہ لے اور عوامی دربار لگاکر مسائل سن کر ان کو حل کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ تعلیمی طور پر بھی یہ علاقہ بہت پسماندہ ہے اورحکومت کی طرف سے کوئی ہوسٹل بھی قائم نہیں کیاگیاجہاں طلباء قیام کرسکیں ۔ انہوں نے کہاکہ فائرنگ کے دوران سکول بند رہتے ہیں اور بچوں کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہاں کے طلباء کی پڑھائی کیلئے کوئی متبادل بندوبست کیاجائے ۔