لداخ، سنتھن اور مرگن ٹاپ سڑکیں بند ، ٹریفک معطل
سرینگر// حکام نے پیر کو برف باری اور پھسلن کے پیش نظر کشمیر کو وادی چناب سے جوڑنے والی اہم سڑکوں کو عارضی طور پر بند کرنےکے احکامات دیئے گئے ہیں۔ اگرچہ سرینگر جموں قومی شاہراہ اور مغل روڑ پر ٹریفک کی نقل و حرکت جاری ہے تاہم زوجیلا اور منی مرگ میں برفباری کے پیش نظر لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور پر بند کردیا گیا ہے۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ کوکرناگ نے ڈکسم-سنتھن ٹاپ اور گورن-مارگن ٹاپ روڈ۔چھاترو روڈ (NH-244) پر گاڑیوں کی آمدورفت کو معطل کرنے کا حکم دیا، جو کشمیر کو ضلع کشتواڑ سے جوڑتا ہے،ایس ڈی ایم نے کہا، 28 اور 29 دسمبر کی درمیانی رات میں ہونے والی برف باری اور آنے والے دنوں میں مزید برف باری کی پیشین گوئی نے ان راستوں کو گاڑیوں کی نقل و حرکت کے لیے غیر محفوظ بنا دیا ہے۔”کشمیر کو وادی چناب سے ملانے والی سڑکیں سردیوں میں شدید برف باری کی وجہ سے عام طور پر تقریبا ًچھ ماہ تک بند رہتی ہیں۔دریں اثنا، مغل روڈ، جو جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع کو پیر پنجال کے علاقے راجوری اور پونچھ سے جوڑتی ہے، کھلی ہے لیکن اگر برف باری دوبارہ شروع ہوتی ہے تو اسے بھی بند کیا جا سکتا ہے۔ اس سے قبل پیر کی گلی میں ہلکی سے درمیانی برف باری کے بعد سڑک کو بند کر دیا گیا تھا۔
برفباری
ادھرمحکمہ موسمیات کے مطابق، اتوار کی رات معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے ساتھ ہی کشمیر میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ منگل کو کشمیر میں درمیانی برف باری کا امکان ہے اور اہم سرگرمی دوپہر میں متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدھ اور جمعرات کو موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے تاہم اونچائی پر بارش یا برفباری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ مغربی ہوائوں کا ایک اور مرحلہ وادی میں داخل ہوا ہے جس کا اثر اگلے دو دن تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے دوران شمالی و وسطی کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر 2جنوری تک موسم خراب رہے گا لیکن 3جنوری سے 12جنوری تک موسم خشک اور سرد رہے گا اور اس دوران کوئی غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی نہیں آئے گی۔
درجہ حرارت
سرینگر شہر میں گزشتہ رات درجہ حرارت کم سے کم 0.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔گلمرگ وادی کا سب سے سرد مقام رہا جہاں پارہ منفی 2.2 ڈگری سیلسیس پر رہا۔جنوبی کشمیر میں، پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8 اورقاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔