باغ گل لالہ لوگوں اور سیاحوں کیلئے کھل گیا

سرینگر//ایشیاءکا سب سے بڑا باغ گلہ لالہ( ٹولپ گارڈن) جمعرات کومقامی و بیرون سیلانیوں کیلئے کھول دیاگیا۔باغ کو عوام و سیاحوں کیلئے کھولنے کی رسم لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے انجام دی۔یاد رہے کہ زبرون پہاڑوں کے دامن میں واقع ٹولپ گارڈن میں اس سال64سے زیادہ اقسام کے 15 لاکھ گل لالہ موجود ہیں۔
باغ گل لالہ کو عوام و سیلانیوں کیلئے کھولنے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے مشیر بصیر خان نے کہا کہ حکومت مرکز کے زیر انتظام جموں کشمیر کے اندر سیاحوں کی دلچسپی کے نئے مقامات کی تلاش کررہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کوششیں جاری ہیں تاکہ نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی سے یہاں کی معیشت کو بڑھاوا مل سکے۔
 قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک دن قبل ہی ٹولپ گارڈن کھولے جانے کے بارے میں ٹویٹ کیا تھا اور لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ مذکورہ باغ کی سیر کیلئے کشمیر کی سیاحت ضرور کریں۔