حیدرآباد، //اساتذہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ عصری تعلیمی مہارتوں سے خود کو لیس رکھیں، کیونکہ ایک باصلاحیت استاد نہ صرف طلبہ بلکہ اپنے ادارے کے لیے بھی ایک اثاثہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر رینو بترا، ایڈیشنل سکریٹری، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن ،نئی دہلی نے 36 ویں اورینٹیشن کورس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے یو جی سی مرکز برائے فروغ انسانی وسائل (یو جی سی ایچ آر ڈی سی) نے اس اورینٹیشن پروگرام کا اہتمام کیا تھا۔ ایک مہینہ طویل اورینٹیشن کورس میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، کرناٹک، مہاراشٹر، کیرالا، تمل ناڈو، مغربی بنگال اور ملک کی دیگر ریاستوں سے 59 افراد نے شرکت کی۔ مرکز کی جانب سے کامرس اور مینجمنٹ مضامین کے اساتذہ کے لیے ریفریشر کورس کا اختتامی اجلاس بھی منعقد کیا گیا۔ پروفیسر وینو گوپال ریڈی، صدر نشین، آندھرا پردیش اسٹیٹ کمیشن آف ہایئر ایجوکیشن (اے پی ایس سی ایچ ای) نے اختتامی خطاب میں کورس کی اہمیت اور آج کے تناظر میں کامرس اور مینجمنٹ کے فروغ پر روشنی ڈالی۔ ڈاکٹر ایم اے سکندر، رجسٹرار و ڈائرکٹر انچارج یو جی سی – ایچ آر ڈی سی نے صدارتی خطاب میں دونوں پروگراموں کی انفرادیت، افادیت اور اہمیت کی طرف توجہ دلائی۔ انہوں نے ان کورسوں کے کامیاب انعقاد کے لیے ایچ آر ڈی سی کی ستائش کی۔ریفریشر کورس میں ملک بھر سے جملہ 55 اساتذہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورس میں شرکت کے باعث ان کی معلومات کی تجدید ہوئی، تدریس کے لیے ، ایک نیا حوصلہ ملا اور تعلیمی میدان کے حالیہ رجحانات سے واقفیت ہوئی۔
باصلاحیت استاد ایک اثاثہ : رینو بترا
