بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ کے کئی اہم مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیرجمع ہونے کی وجہ ہر طرف بدبو آرہی ہے جس کی وجہ سے راہگیروں اور دوکانداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جنرل بس اسٹینڈ، اولڈ اسپتال، اولڈ ٹاون ،خانپورہ اورخواجہ باغ کے علاوہ دریائے جہلم کے کناروں پر غلاظت کے ڈھیرجمع ہوتے ہیں جسے باضابطہ ڈمپنگ ائریا میں تبدیل کیا گیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے ان شکا یات کو کئی بار انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران کی نوٹس میں لایالیکن اُنہوں نے اس کی طرف کوئی دھیان نہیں دیااور قصبے میں ہرسو گندگی ہے اور بدبو سے پورا ماحول متاثر ہوا ہے۔ ایک مقامی تاجر غلام محمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ قصبے میں ہر طرف گندگی کے ڈھیر جمع ہیں جس سے مقامی دکانداروں اور مسافروں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے جبکہ خصوصاً دریائے جہلم کے کناروں پر غلاظت اور گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جس کے نتیجے میں جہلم کی خوبصورتی ختم ہوچکی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈمیں تعمیر کئے گئے بیت الخلاء کا ڈرینج نظام بھی مفلوج ہے جس کی وجہ سے راہگیروں اور دکانداروں کو زبردست مشکلات کا سامنا ہے ۔مقامی دکانداروں نے انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر صفائی عمل میں لائیں بصورت دیگر انہیں احتجاج کا راستہ اختیار کرنا پڑے گاجس کی تمام تر ذمہ داری اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔