بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے کئی دیہات کی سڑکیں ہنوزبند پڑی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو سخت ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ حاجی بل ،گلی بل ،گوری وان ،پالہ دجی ،تل دھجی ،سچلیورن ،بگدجی،کاوہار ،وانسرن ،برن دب ،کامر ،کھا موہ اور بونیار اوڑی کے دور دراز علاقوں کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان علاقوں سے پوری طرح سے برف ہٹانے میں لیت ولعل کیا گیا ۔حاجی بل بارہمولہ کے لوگو ں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پانچ سے چھ فٹ برف جمع ہے تاہم ابھی تک انتظامیہ نے برف نہیں ہٹائی جس کے نتیجے میں لوگ پچھلے بیس پچیس دنوں سے اپنے ہی گھرو ں میں محصور ہیںاور بنیادی سہولیات سے محروم ہوگئے ہیں۔یہی حال دیگر علاقوں کا بھی ہے ۔ محمد ابراہم نامی ایک شہری نے کہا کہ سخت سردی کے باوجود بھی ان علاقوں میںپچھلے ایک ماہ سے بجلی ، پانی ،طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں سے برف نہ ہٹانے کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔لوگوں نے صوبائی کمشنر کشمیر اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بند پڑی سڑکوں سے فوری طور برف ہٹا کر آمدورفت کے قابل بنایا جائے۔