بارہمولہ // جموں وکشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف کارروئی تیز کر دی ہے ۔جمعہ کو بارہمولہ پولیس نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات(کوکین) ضبط کرکے 4 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ بڈگام پولیس نے بھی ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا ہے ۔ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ منشیات فروشوں کے بارے میں ایک خفیہ اطلاع پولیس کو ملی تھی جس کے بعد پولیس کی ایک ٹیم نے بارہمولہ اوڑی شاہرہ پر خانپورہ پُل کے قریب ناکہ لگایا جس دوران ایک گاڑی کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی، گاڑی سے براؤن شوگر برآمد کیا اور کار میں سفر کرنے والے 4 افراد کی گرفتار ی عمل میں لائی۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اْن سے پوچھ تاچھ کی جس دوران گرفتار شدگان نے منشیات کے 6 پیکٹوں کا پتہ بتایا۔ان پیکٹوں میں منشیات (کوکین) جیسی چھ کلو گرام اشیاء پائی گئی جس کی قیمت بین الاقوامی بازار میں چھ کروڑوں روپے ہے جو اس سال کی منشیات کی ضبط کی گئی سب سے بھاری کھیپ ہے۔انہوں نے گرفتار افراد کی شناخت بلال میر ولد غلام محمد میر ساکن گلنار پارک،رفیق عرف کنجوال ولد محمد شعبان ساکن سعید کریم،طارق بہرو ولد عبد الرشید بہرو ساکن آزاد گنج اور شبیر احمد میر ولد حبیب اللہ میر ساکن اہن گاندر بل کے طور کی ہے۔اس ضمن میں پولیس سٹیشن بارہمولہ میں ایف آئی آر زیر نمبر160درج کرکے متعلقہ قانونی دفعات کے تحت تحقیقات شروع کی گئی ہے۔اس دوران بڈگام پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی کاروائی جاری رکھتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا ۔ بڈگام پولیس نے سورش کراسنگ کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران ایک گاڑی زیر نمبر JK04B-6503 کو روک کر تلاشی شروع کی ۔ دوران تلاشی منشیات فروش کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی مادہ 200 گرام چرس بر آمد کر کے اس کو گرفتار کیا گیا ۔منشیات فروش کی شناخت عبدل مجید پرے عرف افضل ساکن گنستان سمبل کے طور کی گئی ہے ۔ پولیس اسٹیشن کھاگ نے اس تعلق سے کیس ایف آئی آر نمبر77/2020متعلقہ دفعات کے تحت اندراج کیا، البتہ اس سلسلے میںمزید تفتیش جاری ہے۔