بارہمولہ// ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ ڈاکٹر جی این ایتو نے بدھ کوخواجہ باغ کے شوکت علی اسٹیڈیم میں ’’جے کے پرئمیر لیگ‘‘ کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ضلع یوتھ سروس اینڈ سپورٹس اور ضلع انتظامیہ کے تعاون سے منعقدہ یہ ٹورنامنٹ15روز تک جاری رہے گا۔اس ٹورنامنٹ میں مختلف کھیلوں، جن میں فٹ بال، والی بال، کبڈی اور ہاکی شامل ہیں،بھی کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں اعلیٰ پائیدان پر آنے والی ٹیموں کو جموں کشمیر کی سطح پر کھیلنے کا موقعہ ملے گا۔ اس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے کھیل کود کو ایک فرد کی ترقی کیلئے مجموعی طور پر ایک آلہ قرار دیا،جس کے نتیجے میں وہ اپنی ذات کو سنوار سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بارہمولہ کھیل کود کی روایات سے بھرا پڑا ہے اور نوجوانوں میں صلاحت بھی موجود ہیں تاہم انہیں اپنا لوہا منوانے کیلئے پلیٹ فارم کی ضرورت ہے۔ مقابلوں میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈاکٹر ایتو نے کہا کہ اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے مختلف سطحوں پر کھیل کود کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مزید نوجوان کھیل کود کی طرف متوجہ ہونگے۔