سرینگر//صنعتی و علمی شراکت داری کو مستحکم بنا کر تکنیکی تعلیم میں معیار ی بہتری لانے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے پیر کو گورنمنٹ پالی تکنیک کالج بارہمولہ میں 181.57 کروڑ روپے سے قائم کئے سینٹر فارانونشن ، انوویشن ، انکیوبیشن اینڈ ٹریننگ ( سی آئی آئی آئی ٹی )کا اِی اِفتتاح کیا۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ٹیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بارہمولہ میں سی آئی آئی آئی ٹی کاقیام جموں وکشمیر کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا ۔اُنہوں نے کہا کہ اس قدم کا مقصد انجینئرنگ ، پولی تکنیک کالجوں ، آئی ٹی آئی طلاب کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کرنا ہے اور فارغ التحصیل ڈگری ڈپلوما انجینئر ہولڈر ، انجینئروں جو روز گار کے متلاشی ہیں، وہ بھی اِس سہولیت کی وساطت سے بھی اپنی تکنیکی صلاحیتوں کو مزید توسیع دے سکیں گے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ تیزی سے تبدیل ہو رہی عالمی معیشت کے پیش نظر جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو روزگار موافق تربیت اور موجودہ ہنر میں مزید بہتری لانا وقت کا اہم تقاضا ہے کیوں کہ تازہ ترین ٹیکنالوجی میں تربیت حاصل کرنے سے ہی نوجوان آج کی دُنیا میں روزگار حاصل کر سکیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے نہ صرف اختراعی ڈیزائن صنعت کاری کی ترقی یقینی بنے گی بلکہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے حصول کے مواقعوں میں بھی اضافہ ہوسکے گا اور ساتھ ہی صنعتی و علمی شراکت داری مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس مرکز میں اور جموں میں قائم کئے جانے والے مرکز سے جدید ترین انجینئر نگ سازوسامان فراہم ہوگا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا سی آئی آئی آئی ٹی بارہمولہ میں 9مراکز دستیاب رہیں گے جن میں انوویشن ، انکیوبیشن ، پروڈکٹ لائف سائیکل منیجمنٹ سینٹر ، ڈیجیٹل مینیفکچرنگ سینٹر دستیاب رہیں گے۔وِیڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب میں شریک طلاب سے اپنے تجربات پیش کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ آئی آئی ٹی عالمی سمٹ 2020 کے دوران اُنہوں نے مابعد کووِڈ دنیا کو درپیش چیلنجوں کو اُجاگر کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ ان چیلنجوں کے ساتھ نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور اس صورتحال میں ہمیں اپنی توانائیوں اور صلاحیتوں کو از سر نو نکھارنا ہوگاتاکہ ہم نہ صرف اپنی مطابقت قائم رکھ سکے بلکہ دنیا میں ایک غالب قوت بن سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایم ٹیک اور بی ٹیک فارغ التحصیل طلاب کو صنعتی روبوٹِکس میں سہ ماہی تربیت فراہم کی جائے گی اوروہ آٹو موٹیو صنعتوں میں ملازمت کے حصول کے لئے تیا رکئے جاسکیں۔اس سے قبل پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اصغر سامون نے پروجیکٹ پر ایک پاور پوائنٹ پرزنٹیشن پیش کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ صنعتی لیڈ کنسورٹیئم ہے جوکہ جموںوکشمیر حکومت اور ٹاٹا ٹیکنالوجیز کا جوائنٹ وینچر ہے تاکہ طلاب کو سکل ڈیولپمنٹ فراہم کی جاسکے اور صنعت کاری کے لئے موافق ماحول کی پیدا کیا جاسکے۔اس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ فی الوقت مختلف پیش وارانہ اور سکل ڈیولپمنٹ کورسوں کے لئے 178 طلاب کا اندرا ج مرکز میں ہوا ہے تاہم سی آئی آئی آئی ٹی بارہمولہ کی سالانہ صلاحیت کو 1400 تک بڑھایا جائے گا۔