بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ کے اولڈ ٹائون کی گنجان بستی میں منگل کی شام کو اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب یہاں آگ کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکانات مکمل طور خاکستر ہوگئے۔ منگل کی شام کو چھ بجے محلہ خوجہ صاحب میں شریف الدین نجار کے ایک دو منزلہ رہائشی مکان سے آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً منظور احمد نجار نامی ایک اور شہری کے مکان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ آتشزدگی کی اس ہولناک واردات کے دوران دو رہائشی مکانات راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔ آگ کے شعلے بلند ہوتے ہی علاقہ میں افراتفری پھیل گئی اور لوگ گھروں سے باہر آکر آگ بجھانے کی کارروائی میں جٹ گئے ۔اس دوران فائر برگیڈ سروس کے اہلکاروں نے جائے واردات پر پہنچ کر بچائو کارروائی شروع کرکے آگ پر قابو پالیا ۔ ادھر ایڈیشنل کمشنر بارہمولہ نے علاقے کا دورہ کیا ۔ انہوں نے آتشزدگی متاثرین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ۔انہوں نے محکمہ مال کے افسران کو دو دن کے انداندر رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت دی تاکہ متاثرہ کنبوں کو وقت پر معاوضہ مل جائے۔