اندور//یو این آئی// آسٹریلیا نے تجربہ کار آف اسپنر نیتھن لیون64/8) )کی خطرناک گیند بازی کی بدولت جمعرات کو بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں ہندوستان کو محض 163 رن پر ڈھیر کردیا۔ پہلی اننگز میں 88 رنز کی برتری حاصل کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم کو سیریز میں پہلی جیت درج کرنے کے لیے 76 رنز درکار ہیں۔ آسٹریلیا کے اسپن اٹیک کے سامنے نصف سنچری کی اننگز کھیلنے والے چیتیشور پجارا نے 59 رنز کی اننگز کھیلی، حالانکہ انہیں کوئی سہارا نہیں ملا۔ پجارا نے اپنی 142 گیندوں کی اننگز میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔پہلی اننگز میں جہاں میتھیو کوہنمین نے ہندوستان کے چھکے چھڑا دیے ، وہیں اس اننگز میں لائن نے ٹیم انڈیا کے بلے بازوں کو اپنی اسپن کے جال میں پھنسا دیا۔لائن نے چتیشور پجارا سمیت آٹھ بلے بازوں کو 64 رنز پر آؤٹ کیا جو ہندوستانی سرزمین پر کسی غیر ملکی گیندباز کی چوتھی بہترین کارکردگی ہے ۔پہلے سیشن میں آسٹریلیا کو 197 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد ہندوستان نے لنچ سے پہلے 13 رنز بنائے تھے تاہم دوسرے سیشن سے ہندوستان کی مشکلات میں پھر اضافہ ہونا شروع ہوگیا۔ ناتھن لیون نے لنچ کے بعد پہلے ہی اوور میں شبمن گل کو بولڈ کیا جب کہ 33 گیندیں کھیلنے کے بعد روہت شرما بھی لائن کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔وراٹ کوہلی (13) کو میتھیو کوہنمین نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ رویندرا جڈیجا 36 گیندیں کھیلنے کے باوجود صرف سات رنز بنا سکے اور لائنز نے ان کی جدوجہد کا خاتمہ کیا۔ چائے کے وقت ہندوستان 79 رنز پر چار وکٹ گنواکر 11 رنز سے پیچھے تھا۔شریس ایر نے چائے کے بعد 27 گیندوں پر 26 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔ دس گیندوں تک کھاتہ نہ کھولنے والے ایّر نے نوجوان آف اسپنر ٹوڈ مرفی کی خراب گیندوں کو نشانہ بناتے ہوئے تین چوکے اور دو چھکے لگا کر آسٹریلیا کی برتری ختم کردی۔ ہندوستانی اننگز کو آگے بڑھانے کے علاوہ، ائیر نے پجارا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 35 رنز بھی جوڑے ، جو ہندوستان کی بہترین شراکت داری تھی۔ کپتان اسٹیو اسمتھ نے اسپن کے خلاف ایر کی اسٹرائیک کو دیکھ کر گیند مچل اسٹارک کو دے دی۔ اسٹارک نے اپنے اسپیل کی دوسری گیند پر شارٹ مڈ آن پر ایر کو کیچ آؤٹ کیا۔ کچھ دیر بعد لائن نے شریکر بھرت (03) اور روی چندرن اشون (16) کو آؤٹ کر کے اپنی پانچ وکٹیں مکمل کر لیں۔