بارشوں سے متاثرین کی مدد کی جائے: نیشنل کانفرنس

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے ضلع انتظامیہ کپوارہ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کو ہدایت دی ہے وہ اُن کنبوں، غریب لوگوںکی بازآبادکاری اور راحت رسانی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں جن کے رہائشی مکانات اور دیگر املاک حالیہ موسلادھار بارشوں سے منہدم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ نقصان کا جائزہ لینے کے لئے فوری طور پر سروے اور امدادی ٹیمیں روانہ کی جائیں تاکہ متاثرین کو بروقت راحت مل سکے۔ پارٹی کے سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، میر سیف اللہ، نذیر احمد خان گریزی، قیصر جمشید لون، کفیل الرحمن، جاوید احمد ڈار، ڈاکٹر سجاد شفیع، شفقت وٹالی، میر غلام رسول ناز نے بھی متاثرین کی فوری بازآبادکاری کی اپیل کی ہے۔ ادھر پارٹی کے شمالی کشمیر کے سینئر لیڈران سکینہ ایتو، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، الطاف احمد کلو، عبدالمجید لارمی اور عمران نبی ڈار نے بھی جنوبی کشمیر میں بارشوں سے متاثر ہوئے کنبوں کی راحت کاری اور امدادکاری کی اپیل کی ہے۔