رام بن//حالیہ شدید برفباری اور بارشوں کے نتیجہ میں سری پورہ ٹھٹھارکہ گول رام بن میںایک مفلوک الحال شہری کے مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے اور10افراد پر مشتمل کنبہ کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ محمد امتیاز دیو ولد عبدالحمید دیو کاکہنا ہے کہ 2014میںسری پورہ ٹھٹھارکہ میں خون پسینے کی کمائی سے یک منزلہ 3کمروں پر مشتمل مکان تعمیر کیا۔ مذکورہ شہری کاکہنا ہے کہ مکان میں 10افراد رہائش پذیر ہے ۔ امتیازدیو نے کہاکہ جب شدید برفباری ہوئی تو مکان کے ڈھہ جانے کے اندیشہ کو دیکھتے ہوئے چھت سے برف ہٹائی۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ برفباری اور بارشوں سے زمین کھسک گئی جس کے نتیجہ میں مکان میں دراڑیں پڑ گئیں اور کمروں کی دیواریں ڈھہ گئیں۔ امتیاز دیو نے کہاکہ مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اب یہ ناقابل رہائش بن گیا ہے جس کے سبب 10افراد پر مشتمل کنبہ بے خانما ہوگیاہے۔ مذکورہ شہری نے ضلع رام بن انتطامیہ اور گورنر سے مطالبہ کیاہے کہ مکان کوہوئے نقصان کا معاوضہ دیا جائے تاکہ اس کی مرمت کی جاسکے۔