ٹنگمرگ//ہردہ اچھلو گرڈ اسٹیشن سے منسلک بجلی صارفین نے غیر ضروری بجلی کٹوتی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرکے گرڈ اسٹیشن پر تالہ چڑھایا ۔بتایا جاتا ہے کہ ٹنگمرگ کے ہردہ اچھلو گرڈ اسٹیشن میں کم صلاحت کی وجہ سے اسٹیشن سے منسلک دیہات کہی پورہ ،ہردہ شورہ، زس پورہ، دیودر،گر بٹہ پورہ، ہردہ اچھلو میں اکثر و بیشتر بجلی بند رہتی ہے جس کے خلاف بجلی صارفین نے گرڈ اسٹیشن کے سامنے جمع ہوکر باربار بجلی کٹوتی پر جم کر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اسٹیشن کو تالہ بند کیا۔ احتجاج میں شامل سماجی کارکن عادل نذیر خان نے بتایا کہ ہر پانچ منٹ کے بعد بجلی آتی اور چلی جاتی ہے جس کی وجہ سے گرڈ اسٹیشن سے منسلک درجن بھر دیہات کے لوگ بجلی کی عدم دستیابی سے زبردست مشکلات کا سامنا کرتے ہیں ،جبکہ محکمہ کی جانب سے بغیر بجلی کے صارفین کو بلیں ارسال کی جاتی ہیں۔ اگرچہ آبادی کے لحاظ سے ہردہ اچھلو گرڈ اسٹیشن کی صلاحت بڑھانے کے لیے عوام عرصہ دراز سے مانگ کرتے آئے ہیں تاہم محکمہ بجلی کی مسلسل خاموشی پر لوگ ہر وقت نالاں ہیں ۔تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق لوگوں نے گھروں سے باہر نکل کر گرڈ اسٹیشن کو تالہ بند کرکے زبردست احتجاج کیا ۔احتجاجی لوگوں نے محکمہ بجلی کو ایک ہفتے کا الیٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہفتے کے اندر گرڈ اسٹیشن کی صلاحیت میں اضافہ نہیں کیاگیا، تو وہ سرینگر ٹنگمرگ شاہراہ پر دھرنا دیں گے۔