کراچی//بابراعظم کو ٹی 20 میں ون ڈائون پوزیشن پر کھیلنے کا مشورہ ملنے لگا۔ایشیا کپ کے دوران کپتان بابراعظم بری طرح ناکام ثابت ہوئے، ایونٹ کے دوران ہی یہ مشورے سامنے آنے لگے تھے کہ رضوان اور بابر کو اپنی اوپننگ جوڑی توڑنا پڑے گی، اب اس حوالے سے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان نے بھی کھل کر وضاحت کردی ہے، انھوں نے ورلڈ کپ میں رضوان اور فخرزمان سے اوپننگ کا مشورہ دیا ہے۔معین خان کا کہنا تھا کہ اوپننگ جوڑی کیلئے لیفٹ اور رائٹ آرم کمبی نیشن کافی اہم ہوتا ہے، میں یہ بات ایشیا کپ کے دوران بھی کہتا رہا ہوں، بابراعظم پہلے بھی ون ڈائون پر بیٹنگ کرچکے ہیں، اس لیے انھیں ایک نمبر نیچے لے آئیں اور فخر زمان سے اوپننگ کرائیں۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں اوپننگ بیٹرز کیلئے لیفٹ اور رائٹ آرم کمبی نیشن کافی مہلک ہوتا ہے، اس سے نئی گیند کے بولرز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ، آپ چانس تو لے سکتے ہیں، اگر آپ چانس ہی نہیں لینا چاہتے تو پھر آپ بھول جائیں کہ کبھی اچھی انٹرنیشنل ٹیم بن پائیں گے، آپ ایک ایوریج ٹیم ہی رہیں گے۔