ریاسی//اگرچہ ضلع کا دورافتادہ مہورگلاب گڑھ بنیادی سہولیات کی کمی اوردیگرعوامی مسائل کے سبب اخباری سرخیوں میں رہتاہے لیکن گزشتہ جمعہ علاقہ مہورگلاب گڑھ کی عوام کےلئے ایک خوشی لے کرآیاجب علاقہ کے ایک ہونہارنوجوان بابرعلی نے یوپی ایس سی امتحان میں کامیابی درج کرکے عوام کے دِل جیت لئے ۔تفصیلات کے مطابق گلابگڑھ علاقہ ضلع ریاسی کا ایک پسماندہ اور دور دراز علاقہ ہے جہاں کے لوگ ابھی تک قدیم طرززندگی جی رہے ہیں ۔علاقہ سیاسی لیڈروں کی نااہلی کی وجہ سے پسماندگی کاشکارہے اوریہاں سے یوپی ایس سی امتحان میں کامیاب ہونے والے نوجوانوں کی تعدادنہ کے برابر ہے لیکن سب ڈویژن مہورکے بابرعلی نے دوروزقبل یوپی ایس سی کی طرف سے جاری آئی اے ایس امتحان کے نتیجے میں کامیابی حاصل کی جس کی وجہ سے پورے مہورگلاب گڑھ علاقہ کے لوگوںمیں خوشی کی لہردوڑگئی ۔بابر علی ولد مرحوم غلام قادر ساکن بدر گلاب گڑھ تحصیل مہور ضلع ریاسی نے پانچویں جماعت تک مہور سنگڑی کے ایک نجی اسکول ایگلس انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن جبکہچھٹی سے بارہویں جماعت تک جے این وی ادھمپور سے تعلیم حاصل کی۔بعدازاں گریجویشن علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے مکمل کرنے کے بعدیوپی ایس ای امتحان میں حصہ لے کرکامیابی درج کی اورعلاقے کانام روشن کیا۔ذرائع کے مطابق بابر علی کے والد انتقال کر چکے ہیں۔اوراس کے کنبے میں ماں،ایک بہن اورچاربھائی ہیں۔پوری ریاست کے ساتھ ساتھ مہور گلابگڑھ کے لوگوںکے علاوہ راج محمد (کے اے ایس) ،ڈی ایس پی مجیب رحمان بٹ،عبدالقادرکنڈریا،ڈی ایس پی امین،تحصیلدار رفیق جرال،ڈی ایس پی اشرف،پی ڈی پی کے ضلع صدر ریاسی شفیق رحمان بٹ ودیگران نے ہونہارنوجوان بابرعلی کومبارکبادپیش کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے تئیں نیک خواہشات کااظہارکیا۔