پیر پنچال اور دیگر اضلاع و بیرون یوٹی سے ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد،اجتماعی دعا کے ساتھ آج ہوگا عرس اختتام پذیر
عرفان رینہ
کنگن//وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے کنگن علاقے کے وانگت میں واقع روحانی مرکز بابا نگری میں حضرت میاں نظام الدین کیانویؒ کے 130ویں سالانہ عرس مبارک کا آغاز اتوار کو عقیدت و احترام کے ساتھ ہوا۔ دو روزہ عرس میں شرکت کےلئے جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سمیت بیرونی علاقوں سے ہزاروں زائرین بابا نگری پہنچ رہے ہیں۔ہر سال جون کے پہلے پندرہ روز کے دوران منعقد ہونے والے اس سالانہ عرس میں شرکت کے لیے راجوری، پونچھ، ڈوڈہ، جموں، اودھم پور، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور دیگر اضلاع سے سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل قافلے بابا نگری پہنچے، جہاں عقیدت مندوں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔دو روزہ عرس کی تقریبات اتوار سے شروع ہوئیں اور رات بھر ذکر و اذکار، درود و سلام اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ عرس کے اختتامی روزآج یعنی 8جون کو خصوصی اجتماعی دعائیں مانگی جائیں گی جس کے ساتھ عرس اختتام پذیر ہوگا۔اس موقع پر دربار بابا جی صاحب لاروی کے سجادہ نشین میاں الطاف احمداور دیگر ممتاز اسلامی علماء و مذہبی شخصیات اسلام کی تعلیمات، حضرت میاں نظام الدین کیانویؒ کی حیاتِ مبارکہ اور ان کی روحانی و اصلاحی خدمات پر روشنی ڈالیں گے۔عرس انتظامیہ نے زائرین کے لئے قیام و طعام کے وسیع انتظامات کئے ہیں، جبکہ مقامی سول اور پولیس انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عرس کی پُرامن و منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی انتظامات کئےہیں۔دریں اثنا، جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئررہنمارویندر رینہ نے بھی بابا نگری کا دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے درگاہ پر حاضری دی اور عرس کی تقریبات میں شرکت کی۔بابا نگری کا سالانہ عرس وادی کشمیر کے اہم ترین روحانی اجتماعات میں شمار ہوتا ہے، جہاں ہر سال مختلف علاقوں اور مسالک سے تعلق رکھنے والے ہزاروں عقیدت مند روحانی فیوض و برکات حاصل کرنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔