عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی)کشمیر نے ہفتہ کو ایک کیس کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں ایک تحصیلدار کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی سربراہی میں اے سی بی کی ایک ٹیم نے متعلقہ تھانوں کے اہلکاروں کے ساتھ مل کر ایک حاضر سروس تحصیلدار کے گھر کی تلاشی لی جس کی شناخت معین اظہر ککرو کے نام سے ہوئی، جو کہ بارہمولہ کے رہائشی ہیں اور روز ایونیو کالونی، ایچ ایم ٹی زینہ کوٹ میں بھی انکا گھر واقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ککرو اس وقت بڈگام ضلع کے خانصاحب میں تحصیلدار کے طور پر تعینات ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ تلاشی کے وقت مذلکورہ آفیسر اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔دریں اثنا، اسی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر بارہمولہ ضلع میں اس کے آبائی قصبے میں بیک وقت تلاشیاں بھی جاری رہیں۔اے سی بی کے مطابق سروے نمبر 998/54 سمیت 4 کنال 9 مرلہ 165 مربع فٹ اراضی شکایت کنندہ سمیت چند افراد کے نام پر درج ہے۔تصدیق کے دوران، یہ منظر عام پر آیا کہ ملزم سرکاری ملازم نے مبینہ طور پر گلبہار کالونی حیدر پورہ، سیکٹر14 سری نگر میں واقع 14 مرلہ اراضی کی بحالی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر رشوت کا مطالبہ کیا۔ ایک سیکنڈ ہینڈ مہندرا ریکسٹن 4×4 گاڑی (Regd. No. MH03CP-5000) کو مبینہ طور پر رشوت کے بطور قبول کیا گیا تھا، جس میں مبینہ طور پر شکایت کنندہ نے جے اینڈ کے بینک بٹہ مالو سے منسلک اپنے Paytm اکائونٹ سے بینکنگ لین دین کے ذریعے ادائیگی کی تھی،” ۔اس کے مطابق، انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 کے سیکشن 7 کے تحت ایف آئی آر نمبر 03/2026 پولیس سٹیشن اے سی بی سری نگر میں درج کیا گیا ۔