سرینگر //تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر نے کل شہر سرینگر کے کئی علاقوں کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔وزیرنے افسروں پر زور دیا کہ وہ تمام پروجیکٹوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں۔رامباغ فلائی اوور کے دورے کے دوران وزیرنے ہو رہے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ فلائی اوور کا ایک کلومیٹر حصہ مکمل کیا گیا ہے۔انہیں بتایا گیا کہ امرسنگھ کالج سے لے کر برزلہ تک کا حصہ اس سال اگست مہینے کے آخر تک چالو کیا جائے گا جبکہ پورا فلائی اوور اس سا ل کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔نعیم اختر نے کہا کہ حکومت فلڈ چینل کے اطراف رہائشی پذیر لوگوں کو بہتر رابطے کی سہولیات دستیاب کرنے کا منصوبہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ان علاقوں کے لئے صرف رامباغ پل ہی ایک واحد رابطہ تھا اور اب حکومت فلڈ چینل پر پلوں کا ایک جال بچھا رہی ہے اور سڑکوں کو بھی وسعت دے رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ نئی سڑکوں کی بدولت جنوبی کشمیر سے سرینگر کی طرف آنے والے لوگوں کو کافی راحت نصیب ہوگی۔راولپور ہ کے لوگوں کے اصرار پر وزیر نے اس علاقے میں عملائے جارہے ڈرنیج پروجیکٹ کا بھی معائینہ کیا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ڈرنیج اور سڑک پر تار کول بچھانے کا کام ایک ماہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا اور ایسا کرنے سے لوگوں کو عبور و مرور میں کافی آسانی ہوگی۔