سوپور// شمالی کشمیر کے سوپور علاقہ میں حکام نے بدھ کو ایک نقلی ہینڈ سینی ٹائزر تیار کرنے والے یونٹ کو سربمہر کرکے اس کیخلاف کارروائی شروع کی ۔ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر ،عرفان احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر، بارہمولہ محمد بشیر نے ایک ٹیم تشکیل دیکر انڈسٹریل اسٹیٹ سوپور میں'U safe zone' نامی یونٹ پر چھاپہ مارا جہاں پر غیر قانونی طریقے سے ہینڈ سینی ٹائزر بنایا جارہا تھا اور اُس کوActiva saffy کے نام سے بازار تک پہنچایا جاتا تھا۔ حالانکہ اس سینی ٹائزرکو تیار کرنے کیلئے مذکورہ یونٹ کے پاس کوئی لائسنس نہیں ہے۔محکمہ ڈرگ کنٹرول کے مطابق مذکورہ یونٹ کے مالک نے اس ہینڈ سینی ٹائزر کی قیمت بازاروں میں فروخت ہونے والے سینی ٹائزرسے 3گنا زیادہ مقرر کی تھی ۔ محکمہ نے مذکورہ یونٹ کو سربمہر کرکے تیار کئے جارہے ہینڈ سینی ٹائزروں کو بھی ضبط کیا اور یونٹ مالک کے خلاف معاملہ درج کیا ۔اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولر نے بتایا کہ اب اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے کہ مذکورہ یونٹ نے کتنی مقدار میں اس سینی ٹائزرکو مارکیٹ تک پہنچایاہے ۔انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ اگر ان کے پاس Activa Saffy نامی سینی ٹائزرہو تو اسے واپس کریں ۔