سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے بیچ ایڈز بیماری نے بھی لوگوں کو اپنا نشانہ بنانا شروع کیاہے اور امسال 120نئے ایڈز مریضوں کا اندراج ہوا ہے۔ محکمہ ایڈز کنٹرول سو سائٹی نے عالمی وباء کے دوران500مریضوں کو گھروں تک ادویات پہنچائی ہیں۔ عالمی یوم ایڈز کے سلسلے میں بات کرتے ہوئے ایڈز کنٹرول سوسائٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا’’ کورونا وائرس اور ایڈز دونوں وائرس سے پھیلنے والی بیماریاں ہیں اور دونوں میں احتیاط برتنا لازمی ہے اور اسلئے ہم نے امسال کوئی بھی بڑی تقریب کرنے سے پرہیز کیا ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ضلع سطح پر خون کے عطیہ کے کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا اور اس کے علاوہ جموں میں سائیکل ریس کرنے کا بھی پروگرام ہے ‘‘۔کورونا وائرس کے پھیلائو کے دوران مزید ایڈز مریضوں کی تصدیق کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق نے بتایا ’’ جموں و کشمیر میں امسال مزید 120نئے ایڈز مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے اور ان میں زیادہ تر معاملات جموں صوبے میں سامنے آئے ہیں‘‘۔انہوں نے کہا کہ عالمی وباء کے دوران ایڈز مریضوں کو گھروں تک دوائی پہنچائی گئی جس کیلئے 4یونٹوں کو قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈبلو ایچ او کے قوائد و ضوابط کے تحت ایڈز مریضوں کو پیشگی ایک ماہ کی دوائی دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9ماہ کے دوران 500مریضوں کے گھروں تک دوائی پہنچائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈز مریضوں کو ایمرجنسی کے دوران اسپتال لانے اور لیجانے کیلئے ایمبولنس بھی فراہم کی جاتی رہیں۔