سرینگر//گزشتہ چند برسوں میں فوت ہوئے صحافیوںکی یاد میں منگل کو صحافتی انجمنوں کے صحافتی انجمنوں کے باہمی اشتراک سے ایوان صحافت کشمیر میںعطیہ خون کا کیمپ منعقد کیا گیا جس میں کئی صحافیوںنے اپنے خون کاعطیہ پیش کیا۔جموں وکشمیرجرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام یہ کیمپ صبح 11بجے شروع ہوکرسہ پہر4بجے تک جاری رہا۔عطیہ خون کے اس کیمپ میں پرنٹ والیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں ،نامہ نگاروں ،فوٹوجرنلسٹوں ،ویڈیو جرنلسٹوں اوردیگر متعلقین نے شرکت کی۔اس دوران ایوان صحافت میں اجتماعی فاتحہ خوانی کا اہتمام بھی ہوا جس میں حالیہ برسوں میں فوت ہوئے صحافیوں کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔ تقریب میں سینئر صحافیوں کے علاوہ سرینگر میونسپل کارپوریشن کے میئر جنید عظیم متو نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے حاشئے پر سینئر صحافی اور بی بی سی اردو سروس کے نامہ گار برائے کشمیر ریاض مسرور نے تقریب کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے کئی صحافی اس دنیا سے کوچ کرگئے جو انتہائی مشکل حالات میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیتے رہے تو اس لحاظ سے ہم نے یہ مناسب سمجھا کہ ان (مرحومین)کی یاد میںعطیہ خون کا کیمپ منعقد کیا جائے اور فاتحہ خوانی ہوجائے۔