سرینگر// اسمبلی انتخابات کو پنچایتی نظام کو مکمل با اختیار کرنے تک مو خر کرنے کی وکالت کرتے ہوئے پنچایت کانفرنس نے بلاک اور ضلع سطح کے بورڈوں کے قیام کا مطالبہ کیا۔سرینگر میں ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر پنچایت کانفرنس کے صدر انیل شرما نے دھمکی دی کہ ریاست میں منتخب45ہزار پنچ و سرپنچ اسمبلی انتخابات کا بائیکاٹ کرینگے،اگر مرکزی اور ریاستی سرکاروںنے جموں کشمیر میں پنچایتی راج کو نظام کو مستحکم کرنے کی کوشش نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ پنچوں اور سرپنچوں کے ایک وفد نے پنچایت کانفرنس کے بینئر تلے گزشتہ روز مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور ان پر زور دیا کہ ریاست میں پنچوں اور سرپنچوں کے جائز مطالبات کو زیر غور لایا جائے،جبکہ حکومت فوری طور پر’’ریاست میں اسمبلی انتخابات کو مو خر کرکے 3دائروں والے پنچایتی نظام کا قیام عمل میں لائے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ اور ریاستی گورنر نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ جموں کشمیر میں مرکزی حکومت پنچایتی راج نظام کو نافذ کرکے دیگر جائز مطالبات کو بھی پورا کریں گی۔انہوں نے گورنر کر73ویں ترمیم کو بھی لاگو کرنے کا مطالبہ کرتے کہا کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران جنگجویانہ واقعات کے دوران فوت ہوئے پنچوں و سرپنچوں کے اہل خانہ کو معاوضہ دیا جائے۔